اسلام آباد: کورین کمپنی نے ملک میں پری فیبریکیٹڈ ٹیکنالوجی متعارف کرا دی۔
تفصیلات کے مطابق پری فیبریکیٹڈ ٹیکنالوجی کے ذریعے 4 مرلے پر ڈبل اسٹوری گھر 7 روز میں تعمیر کیا جائے گا جس کی مالیت تیس لاکھ روپے ہوگی.
یہ گھر پری فیبریکیٹڈ ہوں گے اور ان کی تعمیر کے لیے سمنٹ، اینٹیں اور ریتی کی ضرورت بھی پیش نہیں آئے گی بلکہ میٹل یا لکڑیاں درکار ہوں گی۔
نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت ماڈل گھر کی تعمیر کے لیے کورین کمپنی نے ملک میں پری فیبریکیٹڈ ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے۔ پری فیبریکیٹڈ گھر کم قیمت اور پائیدار ہوں گے۔
جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے صرف 1 ہفتے میں 2 منزلہ گھر کی تعمیر ممکن ہوگی۔
ماہر تعمیرات خبیب خان کا اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایسے گھر قدرتی آفات کے دوران بھی مضبوط رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پری فیبریکیٹڈ گھر کی معیاد پچاس سال ہوتی ہے لیکن دنیا کے دیگر ممالک میں یہ کافی عرصے تک مستحکم رہتے ہیں، امریکا میں اس ٹیکنالوجی کی بنیاد پر بڑی تعداد میں گھر بنائے جاتے ہیں۔