ابوجا:افریقی ملک نائیجر میں مسلح افراد نے 58شہریوں کو قتل کردیا، مسلح افراد نے نائیجر کے جنوب مغربی علاقے میں قریبی گاؤں سے گزرنے والے ایک قافلے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 58افراد ہلاک ہوگئے۔
قافلہ مارکیٹ سے واپس آرہا تھا جس پر گھات لگائے افراد نے حملہ کیا اور فائرنگ کرکے قافلے میں شامل افراد کو ہلاک کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق جنوب مغربی نائیجر کے جس علاقے میں قافلے پر حملہ کیا گیا وہ مالی اور مغربی افریقا کے ملک برکینا فاسو کی سرحد کے قریب واقع ہے جبکہ اس علاقے میں مسلح گروپوں کی جانب سے قاتلانہ حملوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
حکومتی ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اس پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا۔
نائیجر میں ہونے والے قاتلانہ حملے ملک کے نئے صدر کے لیے ابھرتا ہوا سکیورٹی چیلنج ہے، نائیجر میں رواں سال فروری میں نئی حکومت وجود میں آئی ہے اور محمد بازوم ملک کے نئے صدر منتخب ہوئے ہیں۔