مقبوضہ کشمیر میں پی آئی اے کے جہاز کی شکل کا ایک اور غبارہ لینڈ کرگیا 

جموں:مقبوضہ جموں کشمیر میں پی آئی اے کے جہاز کی شکل کا ایک اور غبارہ پہنچ گیا۔جموں میں یہ ایک ہی ہفتے میں اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔

9 مارچ کو جموں کے ضلع کٹھوعہ میں اسی طرح کا غبارہ  پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔

 منگل کومقامی لوگوں نے  پی آئی اے کے جہاز کی شکل  کا ایک اور غبارہ  دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس ٹیم نے وہاں پہنچ کر غبارہ کو تحویل میں لے لیا۔ 

یاد رہے نو مارچ کو بھی مقبوضہ جموں کشمیر میں پی آئی اے کے جہاز کی شکل کا غبارہ ملنے پر بھارتی فوج بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی۔ 

ضلع کٹھوا میں ایک طیارے کی شکل کا غبارہ گرا جس پر پی آئی اے لکھا ہوا  تھا اور سبز رنگ کے ساتھ چاند ستارا بھی بنا ہوا تھا  دیکھا گیا۔

یہ غبارہ ہیرانگر سیکٹر کے سوترا چک گاؤں سے ملا جس پر بھارتی پولیس کی دوڑیں لگ گئیں اور انہوں نے اس میں جاسوسی کے آلات ڈھونڈنے شروع کردیے۔ 

بھارتی پولیس نے اب اس غبارے کو تحویل میں لے کر اس پر مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

اس سے قبل بھارتی  فوج سرحد پر پاکستانی جاسوس کبوتر پکڑنے کا دعویٰ بھی کرچکی ہے۔

  قابض بھارتی فوج جھنجھلاہٹ اور بدحواسی میں ایسے بے سر و پا الزامات لگاتی ہے جس سے پوری دنیا میں ان کا خود مذاق بنتا ہے۔

2015 میں بھی پٹھان کوٹ کے علاقے سے کبوتر کو پکڑ کر پاکستانی جاسوس قرار دے دیا گیا تھا۔ اس خود ساختہ جرم کی پاداش میں کبوتر کے پر بھی کاٹ دیئے گئے تھے۔

سب سے مضحکہ خیز صورت حال اس وقت سامنے آئی تھی جب 2017 میں بھارتی پولیس نے بڑی تگ و دو کے بعد ایک کبوتر کو حراست میں لے لیا تھا اور اس پر بھی جاسوسی کا الزام عائد کیا گیا تھا تاہم سرحدی محافظوں کی نااہلی سے در انداز کبوتر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔