سکھر:گاؤں میں گھسنے والا چیتا شہریوں کے ہاتھوں ہلاک

سکھر: روہڑی کے قریب گاؤں میں شہریوں نے چیتے کو ہلاک کردیا جبکہ ایک چیتا بھاگ گیا۔

تفصیلات کے مطابق روہڑی کے گاؤں میں کئی روز سے اہل علاقہ کیلئے دہشت کی علامت بنا چیتا علاقے کے کئی مویشی مار چکا تھا،اوراہل علاقہ نے چیتے کو بہت بار مارنے کی کوشش بھی کی تھی۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ چیتوں کے حملے سے ان کے قیمتی مویشی مرگئے ہیں، کئی بار محکمہ وائلڈ لائف کو اطلاع دی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

اہل علاقہ کا بتانا ہےکہ چیتاگزشتہ روز شکار کے لیے آیا تو اسے تعاقب کرکے ہلاک کردیا جبکہ دوسرا چیتا بھاگ گیا۔

اہل علاقہ کے مطابق ایک چیتےکے مارے جانے اور دوسرے کے فرار ہونے کی اطلاع کے بعد بھی وائلڈ لائف کا عملہ نہیں پہنچا ہے۔

دوسری جانب محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا ہےکہ چیتا مارےجانے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔