تنزانیہ کی پہلی خاتون صدر نے حلف اُٹھالیا

 

ڈوڈوما: عیسائی اکثریتی ملک تنزانیہ کے صدر جون ماغوفولی کی اچانک موت کے بعد ملک کی مسلم نائب صدر سامیہ حسن نے صدر کا عہدہ سنبھال لیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تنزانیہ کی مسلم نائب صدر سامیہ حسن نے ملک کی پہلی خاتون صدر ہونے کی حیثیت سے حلف اُٹھالیا۔

صدر جون ماغوفولی طبیعت کی ناسازی کے باعث انتقال کرکے گئے تھے جس کے بعد نائب صدر سامیہ حسن ملک کی پہلی خاتون صدر بن گئیں۔

 

 

تنزانیہ کے آئین کے مطابق صدر کی موت کے بعد صدارت کی بقیہ مدت نائب صدر کو پوری کرنا ہوتی ہے۔ صدر جون گزشتہ برس اکتوبر میں دوسری بار صدر منتخب ہوئے تھے یعنی نائب صدر سامیہ 2025 تک ملک کی صدر رہیں گی۔

تنزانیہ کے صدر جون ماغوفولی 27 فروری سے منظرعام سے غائب تھے، عوامی سطح پر اُن کے کورونا میں مبتلا ہونے کی افواہیں زیر گردش تھیں تاہم حکومتی ترجمان کے مطابق صدر کو دل کا عارضہ لاحق تھا۔

 

61 سالہ صدر سامیہ حسن نے اپنے پہلے اعلان میں 21 دن کے سوگ کا اعلان کرتے ہوئے 22 اور 25 مارچ کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ ان دنوں میں سابق صدر کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔