ہالی وڈ سپر اسٹار 45 سالہ انجلینا جولی نے سابق شوہر 54 سالہ براڈ پٹ کی جانب سے بچوں کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے ثبوت حاصل کرلیے اور اب وہ عدالت میں مذکورہ ثبوت پیش کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
انجلینا جولی اور براڈ پٹ نے 10 سال تک شادی کے بغیر ایک دوسرے سے تعلقات رکھے تھے، جس کے بعد دونوں نے 2014 میں شادی کی تھی مگر دو سال بعد دونوں الگ ہوگئے تھے۔
دونوں 2016 میں اس وقت الگ ہوگئے تھے جب انجلینا جولی نے دعویٰ کیا کہ براڈ پٹ نے ان کے بڑے بیٹے 19 سالہ میڈوکس کو طیارے میں سفر کے دوران مارا۔
مذکورہ واقعے کے بعد انجلینا جولی نے براڈ پٹ سے علیحدگی اختیار کرکے طلاق کے لیے درخواست دائر کردی تھی اور ریاست کیلی فورنیا کی عدالت نے اپریل 2019 میں ان کی طلاق کے فیصلے میں دونوں کو ’غیر شادی شدہ‘ قرار دیا تھا۔
اگرچہ تاحال ان کی باضابطہ طلاق نہیں ہوئی مگر عدالت کی جانب سے انہیں نئی زندگی شروع کرنے کے لیے ’طلاق یافتہ‘ قرار دیا گیا تھا مگر باضابطہ طور پر ان کی طلاق کے معاملات تاحال طے نہیں پائے۔
ان کی طلاق کا معاملہ ان کے گود لیے گئے 6 بچوں کی کفالت کی وجہ سے لٹکا ہوا ہے، کیوں کہ انجلینا جولی کی خواہش ہے کہ تمام بچے ان کے حوالے کردیے جائیں جبکہ براڈ پٹ کا مطالبہ ہے کہ بچوں کی پرورش مشترکہ طور پر ہونی چاہیے۔
براڈ پٹ سابق اہلیہ کے تشدد کے الزامات مسترد کرتے آ رہے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
بچوں کی کفالت سے متعلق دونوں میں صلح نہ ہونے کی وجہ سے ان کی طلاق کا معاملہ بھی لٹکا ہوا ہے تاہم اب اسی معاملے کو سلجھانے کے لیے انجلینا جولی نے عدالت میں درخواست دی ہے کہ ان کے پاس ایسے شواہد موجود ہیں، جن سے ثابت ہوگا کہ براڈ پٹ بچوں پر تشدد کرتے رہے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے ’فاکس نیوز‘ کے مطابق انجلینا جولی نے 12 مارچ کو عدالت میں دستاویزات جمع کرائے کہ وہ اور ان کے بچے براڈ پٹ کے خلاف گواہی دینے کو تیار ہیں۔
اداکارہ نے عدالت میں جمع کرائے گئے دستاویزات میں بتایا کہ انہوں نے اور ان کے بچوں نے ایسے شواہد حاصل کرلیے ہیں جن سے ثابت ہوگا کہ براڈ پٹ بچوں پر تشدد کرتے رہے ہیں۔
تاہم اداکارہ نے دستاویزات میں یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے پاس کس طرح کے شواہد موجود ہیں۔
فوری طور پر انجلینا جولی کے دستاویزات پر عدالت نے کوئی ہدایات جاری نہیں کیں تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ انجلینا جولی کی جانب سے دستاویزات جمع کرائے جانے کے بعد مذکورہ معاملے پر جلد ہی سماعت ہوگی۔
یہ بات یاد رہے کہ انجلینا جولی اور براڈ پٹ کے درمیان جن بچوں پر جھگڑا ہے، وہ ان کے حقیقی بچے نہیں ہیں بلکہ دونوں نے تمام 6 ہی بچوں کو گود لیا تھا۔
ان کے گود لیے بچوں میں سب سے بڑے بچے میڈوکس کی عمر 19 برس، دوسرے بچے پاکس کی عمر 17 برس، زہرا کی عمر 16 برس، شلوح کی عمر 14 برس جب کہ جڑواں بچوں ناکس اور ووینے کی عمر 12 برس ہے۔
دونوں کی جانب سے گود لیے بچے غریب اور افریقی ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔