امریکی صدر جہاز کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے کیوں گرپڑے؟

امریکی میڈیا میں صدر جو بائیڈن کی جہاز کی سیڑھیوں پر گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر چھائی ہوئی ہے،اور طرح طرح کی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن گزشتہ روز اٹلانٹا پہنچے جہاں انہوں نے فائرنگ کے واقعہ میں ہلاک ہونے والے ایشیائی نژاد امریکی شہریوں کے رہنماؤں سے ملاقات کی تاہم روانگی سے قبل جہاز میں سیڑھیاں چڑھتے ہوئے امریکی صدر متعدد بار گرتے اور سنبھلتے رہے۔

صدر جو بائیڈن جیسے ہی آئیر فورس ون کی سیڑھیوں پر چڑھے تو ایک دم سے ان کا پاؤں پھسلا لیکن جو بائیڈن نے خود کو سنبھالا اور سیڑھیوں کا سہارا لیکر کھڑے ہوگئے تاہم جیسے ہی سیڑھی پر اگلا قدم رکھا تو دوبارہ نیچے گرے اور پھر اپنا توازن قائم نہ رکھ سکے۔

امریکی صدر نے سیڑھیوں کی ریلنگ کو بھی پکڑنے کی کوشش کی تاہم اس بار بھی وہ توازن برقرار نہ رکھ سکے اور سیڑھیوں پر ہی بیٹھ گئے جس کے بعد جو بائیڈن کھڑے ہوئے اور پتلون ٹھیک کرنے کے بعد جہاز میں چلے گئے۔
امریکی صدر کے لڑکھڑانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جو بائیڈن کی صحت سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں جس پر ترجمان وائٹ ہاؤس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہوا بہت تیز چل رہی تھی جس کی وجہ سے ایسا ہوا تاہم صدر جو بائیڈن 100 فیصد ٹھیک ہیں اور زبردست طریقے سے کام کررہے ہیں۔