کابل:افغانستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران باغیوں کی سرگرمیوں اور جھڑپوں میں کم از کم 36 افراد مارے گئے ہیں۔
جنگ کی نگرانی کرنیوالے ایک آزاد مقامی گروہ "تشدد میں کمی"(آر آئی وی) نے ہفتے کے دن کے آغاز پر سوشل میڈیا پر کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہماری ٹیم نے 36 اموات کا اندراج کیا ہے جن میں افغان قومی دفاع و سلامتی فورسز(اے این ڈی ایس ایف)کا ایک اہلکار اور 35 طالبان عسکریت پسند شامل ہیں۔
گروہ نے کہا کہ اس عرصے کے دوران 31 طالبان عسکریت پسند اور سیکورٹی فورسز کے 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔
آر آئی وی کے اعدادوشمار کے مطابق یہ ہلاکتیں ملک کے 34 میں سے 4 صوبوں میں رونما ہونیوالے پرتشدد واقعات کے دوران ہوئی ہیں۔
ایک غیر متعلقہ واقعہ میں جمعہ کے روز مشرقی صوبہ پکتیا کے ضلع جاجی اریوب میں ایک کلین اپ آپریشن کے دوران اے این ڈی ایس ایف نے 7 طالبان عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا ہے۔ جس کی تصدیق دن کے اوائل میں افغان وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں کی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پہاڑی علاقے میں واقع ضلع کے وسیع علاقوں کو طالبان سے پاک کردیا گیا ہے۔