اسلام کے بارے میں بہت بہتر جانتی ہوں، پریانکا چوپڑا

بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے کہا ہے کہ ان کے والد مسجد جایا کرتے تھے اور وہ اس وجہ سے اسلام کے بارے میں بہت کچھ جانتی ہیں 

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے سنسنی خیز انٹرویو کے بعد اب امریکن ٹاک شو میزبان اوپرا ونفرے پریانکا چوپڑا کی میزبانی کرنے جا رہی ہیں۔

اوپرا ونفرے نے اپنے شو 'سپر سول سنڈے' کی نئی قسط کا پرومو شیئر کیا ہے جس میں بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا  بھارت میں ہونے والی اپنی سیکولر پرورش اور مذہبی نظریات سے متعلق بات کر رہی ہیں۔

ایک منٹ اور 56 سیکنڈ طویل اس پرومو میں پریانکا چوپڑا یہ گفتگو کر رہی ہیں کہ اپنی پوری زندگی میں وہ کس طرح عیسائیت، اسلام اور ہندو مذہب جیسے مختلف مذاہب سے جڑی رہیں۔

مذہب سے متعلق سوال پر پریانکا کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں بہت سے مختلف مذاہب ہیں، میں ایک کونوینٹ اسکول میں پلی بڑھی اس لیے عیسائیت سے واقف تھی جب کہ میرے والد مسجد جایا کرتے تھے اس لیے میں اسلام کے بارے بھی بہت بہتر جانتی ہوں۔

پریانکا کا کہنا تھا کہ ہندو خاندان اور ہندو ہونے کے ناطے میں نے ہندو رسم ورواج اور تعلیمات کے تحت خود کو ڈھال لیا اورجہاں تک تعلق روحانیت کا ہے تو یہ تو میرے ملک کا حصہ ہے جسے میں نظر انداز نہیں کرسکتی ۔

پریانکا نے اپنے انٹرویو میں والد کی جانب سے دی گئی تعلیمات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ میں ہندو ہوں میرے گھر میں ایک مندر ہے میں جو ہوسکتا ہے وہ کرتی ہوں لیکن سچ یہ ہے کہ مجھے یقین ہے جو اعلیٰ طاقت ہے وہ ہر جگہ موجود ہے اور میں اس پر یقین رکھتی ہوں۔