ابو ظہبی:متحدہ عرب امارات میں غیر ملکی شہریوں کے لیے ورچوئل ورک اقامہ اور تمام ممالک کے شہریوں کے لیے ملٹی پل ٹورسٹ ویزے کی منظوری دے دی گئی۔
اماراتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کابینہ کا اجلاس نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں کابینہ نے ورچوئل ورک اقامہ اور تمام ممالک کے شہریوں کے لیے ملٹی پل ٹورسٹ ویزے کی منظوری دے دی۔
اس کے تحت دنیا کے کسی بھی حصے میں موجود شخص آن لائن متحدہ عرب امارات میں ملازمت کر سکتا ہے، اس کے لیے ضروری نہیں کہ اس کی کمپنی امارات میں موجود ہو۔ ورچوئل اقامے کی بنیاد پر اسے دنیا کے کسی بھی علاقے سے امارات کے لیے کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
محمد بن راشد کا کہنا تھا کہ اب آن لائن ٹیکنالوجی کا ماحول ہے، اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئیتمام لوگوں کو دنیا کے محفوظ اور خوبصورت ترین شہروں میں رہنے کے مواقع مہیا کریں گے۔
یہ خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا اقامہ ہوگا، اس کے تحت غیر ملکی کسی اسپانسر کے بغیر متحدہ عرب امارات آسکے گا، یہاں ایک برس تک قیام کرسکے گا اور مقررہ شرائط و ضوابط کے مطابق اپنی ملازمت کے کام آن لائن انجام دے سکے گا۔
اس اقدام سے ڈیجیٹل اکانومی کا ماحول بنے گا، اس کی بدولت دنیا بھر کے اعلی اذہان، باصلاحیت افراد اور تجربہ کار لوگ اپنی سہولت کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی قومی معیشت میں اپنا حصہ ڈال سکیں گے۔
محمد بن راشد کا کہنا تھا کہ تمام ممالک کے شہریوں کے لیے ملٹی پل سیاحتی ویزوں کی بھی منظوری دی ہے، امارات بین الاقوامی اقتصادی دارالحکومت کی حیثیت رکھتا ہے۔ہمارے تمام فیصلے اسی تصور کی بنیاد پر ہوں گے۔
اماراتی کابینہ کے مطابق سیاحتی ویزے ملٹی پل ہوں گے اور کسی ضامن کے بغیر جاری ہوں گے، یہ 5 برس کے لیے مثر ہوں گے۔ اس ویزے پر آنے والا ہر بار 90 دن تک امارات میں قیام کر سکے گا اور اتنی ہی مدت کے لیے اس میں توسیع ہوسکے گی۔