برسٹل: برطانیہ میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں 20 اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے شہر برسٹل میں نئے پولیس نظام کے لیے کی گئی قانون سازی کے خلاف مظاہرہ کیا گیا جس میں شرکاء نے ’’ برطانیہ کو پولیس اسٹیٹ نہ بناؤ‘‘ اور ’’ احتجاج بنیادی انسانی حقوق ہے‘‘ کے بینرز اُٹھا رکھے تھے۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی جس پر مظاہرین مشتعل ہوگئے اور تھانے پر حملہ کرکے 12 گاڑیوں کے شیشیے توڑ دیئے اور 2 کو آگ لگادی گئی۔ اس دوران جھڑپ میں 20 اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جاری ہے۔
پولیس نے ہنگامہ آرائی کرنے کے الزام میں 7 مظاہرین کو حراست میں لے لیا ہے جب کہ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے پیلٹ گن، اسٹون گن اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں نئی قانون سازی کے ذریعے پولیس کے اختیارات میں اضافہ کردیا گیا ہے جس پر مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔