بھارتی پیراملٹری فورس کی گاڑی کو دھماکے سے اْڑادیا گیا، 3 اہلکار ہلاک

رائے پور:بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغیوں کے بارودی سرنگ دھماکے میں سیکیورٹی فورس کے 3 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع نرائن پور میں پیرا ملٹری فورس ”ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ“ کی گاڑی کو دھماکے سے اْڑا دیا گیا۔

 بارودی سرنگ دھماکا اس وقت کیا گیا جب سیکیورٹی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔

 دھماکے میں ضلعی ریزرو گارڈ کے 3 اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ 5 سے زائد زخمی ہیں جن میں سے دو کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حملے کی ذمہ داری ما ؤنواز مسلح تنظیم ”نیکسلائٹ“ نے قبول کرلی ہے جو مغربی بنگال اور چھتیس گڑھ میں علیحدگی پسند تنظیم کہلائی جاتی ہیں اور اس تنظیم کیخلاف آپریشن کے لیے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کو استعمال کیا جاتا ہے۔


واضح رہے کہ چھتیس گڑھ اور مغربی بنگال میں بھارتی فوج اور پیرملٹری فورس پر حملوں کی ذمہ دار نیکسلائٹ تحریک کا آغاز 1967 میں ہوا تھا۔ یہ تنظیم چینی رہنما ماؤزے تنگ کے نظریات اور فلسفے سے متاثر ہے اور باغیانہ سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے۔