میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ نے تمام ارکان کو ہنگامی مراسلہ ارسال کردیا جس کے تحت ارکان سندھ اسمبلی کو اپنے حلقے میں آوارہ کتوں کو پکڑنا ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق حکم نامے میں ارکان سندھ اسمبلی کو مہم کی نگرانی اور عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے آئی جی سندھ پولیس سمیت تمام متعلقہ محکموں کو اس حوالے سے آگاہ کردیا اور سندھ پولیس کے ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز کو بھی احکامات پر عمل کی ہدایت کی گئی ہے۔
کتوں کو پکڑنے کی مہم پر تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن رکن اسمبلی رابستان خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کا فیصلہ خوش آئند ہے، تاہم اپوزیشن کے ارکان کے پاس فنڈز نہیں ہیں، یہ ذمے داری سندھ حکومت کی ہے، فیصلے کا اطلاق حکومتی ارکان اسمبلی پر ہونا چاہیے۔
رابستان خان نے کہا کہ اس حکم کی عدم تعمیل پر حکومتی ارکان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، لگتا ہے اس کے لیے مختص رقم اومنی گروپ کے پاس چلی گئی ہے۔
اپوزیشن لیڈر حلیم عادل نے بھی کہا کہ ہمارے پاس فنڈزنہیں کہ اس مہم کا حصہ بنے۔