کراچی: محکمہ موسمیات کراچی میں ڈوپلر ریڈار کی تنصیب مکمل ہوگئی ہے جبکہ نیا ریڈارتیز ترین اور کئی روز پر محیط پیش گوئی کے لیے رواں سال مون سون سے قبل کام شروع کردے گا۔
گزشتہ روز موسم کے عالمی دن کے حوالے سے محکمہ موسمیات کراچی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں محکمہ موسمیات کے افسران وملازمین کے علاوہ سابق چیف میٹرولوجسٹ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری شریک ہوئے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردارسرفراز نے کہا کہ کراچی میں جدید ڈوپلرریڈارنصب کیا جاچکا ہے،کورونا کے باعث ڈوپلرریڈار کی تنصیب پر مامور جاپانی انجینئرز کو واپس جانا پڑا تھاتاہم امید ہے کہ ریڈار مون سون سے قبل کام شروع کردے گا۔
موجودہ اینالاگ ریڈارسے 3 دن کی موسمیاتی پیش گوئی پہلے ہی کی جارہی ہے، ڈوپلر کے فعال ہونے کے بعد 7 دن کی درست پیش گوئی کی جاسکے گی۔
سردار سرفراز کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے لیے 65 آٹومیٹک ویدراسٹیشن آچکے ہیں، ہاکس بے اور بن قاسم میں آٹو میٹک ویدر اسٹیشن بھی لگائے جائیں گے۔
ڈائریکٹر موسمیات کے مطابق رواں سال کا عنوان سمندر، ہماری آب و ہوا اور موسم ہے،سمندر گرم ہوتے جارہے ہیں،2020زمین کا تیسرا گرم ترین سال رہا۔
2011سے2020 تک تاریخ کے دس گرم ترین سال رہے،سمندری حرارت تاریخی عروج پر ہے، گلیشیر پگھل رہے ہیں سطح سمندر میں اضافہ ہورہا ہے،عالمی حدت سے موسم شدت اختیار کررہے ہیں۔