ماسکو: روس کے لڑاکا طیارے کی دوران پرواز انخلا سیٹیں حادثاتی طور پر کھل گئیں جس کے نتیجے میں 3 پائلٹس ہلاک ہوگئے جب کہ ایک شدید زخمی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی دارالحکومت سے 90 میل کی دوری پر کالوگا کے علاقے میں تربیتی مشن پر اڑان بھرنے والے بمبار طیارے کا ’’ایجکشن سسٹم‘‘ حادثاتی طور پر فعال ہوگیا اور طیارے میں موجود چاروں افراد کو طیارے سے باہر پھینک دیا۔
دوران پرواز طیارے سے باہر گرنے کی وجہ سے چار میں 3 پائلٹس موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ چوتھے پائلٹ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں شائکوکا ایئربیس کے بمبار یونٹ کے کمانڈر کرنل وڈیم بھی شامل ہیں۔
حادثے کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے تاہم کچھ ماہرین کا قیاس ہے کہ یہ طیارے میں بجلی کی خرابی یا کسی انسانی غلطی کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ ایجکشن سیٹ فوجی بمبار طیارے میں پائلٹ کی ایسی کرسی ہوتی ہے جو ہنگامی صورت میں بارودی مواد یا راکٹ موٹر کی مدد سے بھرپور طاقت کے ساتھ طیارے سے باہر آتی ہے اور پھر خود بخود پیراشوٹ کھل جاتا ہے جس سے کرسی پائلٹ سمیت زمین پر اتر جاتی ہے۔