اقراء عزیز نے جلد شادی کرنے کی وجہ بتا دی

پاکستان کی معروف اداکارہ و ماڈل اور  اداکار  یاسر حسین کی اہلیہ اقراء عزیز  نے جلد شادی کرنے کی وجہ بتا دی۔

 

حال ہی میں دیے گئے ایک  انٹرویو کے دوران اقراء عزیز کا کہنا تھا کہ یاسر بہت سادہ ہیں، میں نے کبھی تصور  بھی نہیں کیا تھا کہ میں اتنی جلدی شادی کر لوں گی لیکن میں نے محسوس کیا کہ میں نے کسی کو  تلاش کر لیا ہے اور  میں ان کے ساتھ رہنا چاہتی ہوں تو پھر کیوں نا اسے صرف تعلق کے طور  پر  آگے بڑھایا جائے۔

اداکارہ کے مطابق اگر دو لوگ ہمیشہ کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں تو وہ کیوں نا زندگی کے اگلے مرحلے کا آغاز کریں، سب کچھ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ایک مڈل کلاس فیملی سے ہونے کے باعث کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ایک ایسی طرز  زندگی پاؤں گی اور  ایک ایسے علاقے میں رہوں گی، انھوں نے مزید کہا کہ اللہ سب کچھ کر سکتا ہے کیونکہ عزت و ذلت سب اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

خیال رہےکہ  مقبول اداکار جوڑی اقراء اور  یاسر حسین 2019 کے آخری ایام میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور  اداکار جوڑی کی شادی جہاں دلہن کے عروسی لباس کے باعث خاصی مشہور ہوئی تھی وہیں مختلف رسومات کے باعث بھی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنی رہی تھی۔