خیبرپختونخواحکومت نے ٹک ٹاک پر پابندی کی مخالفت کردی

پشاور : خیبرپختونخواحکومت نے ٹک ٹاک پر پابندی کی مخالفت کردی اور ہائی کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی اپیل دائر کرنے پرغور شروع کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ٹک ٹاک پرپابندی کے معاملے پر خیبرپختونخواحکومت نے مخالفت کرتے ہوئے کہا پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ درست نہیں، سوشل میڈیا ایپلیکشن پرپابندی سے عالمی سطح پر درست تاثر نہیں جاتا۔

صوبائی وزیرضیااللہ بنگنش کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں ہائی کورٹ کا فیصلہ غلط ہے، ہم فیصلے پرنظرثانی کی اپیل دائر کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

ضیااللہ بنگش نے مزید کہا ٹک ٹاک کے خلاف نہیں، بدنامی پھیلانےوالےعناصرکےخلاف ہیں، ریگولیٹری باڈی موجود ہے، شکایات ہوں تو اسے حل کرنے کا کہا جانا چاہیے۔

یاد رہے پشاور ہائی کورٹ نے ٹک ٹاک ایپلی کیشن بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک ٹک ٹاک کے عہدیدار تعاون نہیں کرتے تب تک ایپلی کیشن بند رکھیں۔

چیف جسٹس قیصر رشید خان نے مزید کہا ٹک ٹاک پرجوویڈیوزاپ لوڈہوتی ہیں وہ ہمارےمعاشرے کوقبول نہیں، ٹک ٹاک ویڈیوز سے معاشرے میں فحاشی پھیل رہی ہے اور زیادہ نوجوان متاثرہورہےہیں، ٹک ٹاک سےمتعلق جورپورٹ مل رہی ہے یہ افسوسناک ہے۔