میوزیکل بینڈ اسٹرنگز 33 سال بعد ختم کرنیکا اعلان

معروف پاکستانی میوزیکل بینڈ اسٹرنگز کو 33 سال بعد ختم کرنےکا اعلان کردیا گیا۔

اس بات کا اعلان اسٹرنگز کے بانی ممبر اور گٹارسٹ بلال مقصود نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں کیا۔

 بلال مقصود کا کہنا تھا کہ گذشتہ 33 سال ہم دونوں(ساتھی گلوکارفیصل کپاڈیہ) کے لیے  بہترین رہے، اس طرح کام کرنے کے مواقع بہت کم ملتے ہیں، ہم اپنے مداحوں کے انتہائی شکر گزار ہیں جنہوں ایسا کرنا ممکن بنایا اور امید ہے کہ وہ اس فیصلے کی بھی قدر کریں گے۔

 بلال مقصود کا مزید کہنا تھا کہ اب ہمارا بینڈ ٹیکنیکل طور پر ختم ہوگیا ہے، ہم دونوں کے درمیان ایک ناٹوٹنے والا تعلق بن گیا ہے جو کہ ہمارے درمیان قائم رہےگا چاہے زندگی ہمیں کہیں بھی لے جائے۔

خیال رہے کہ بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ نے اپنے دیگر 2 دوستوں کے ساتھ مل کر 1988 میں اسٹرنگز بینڈز تشکیل دیا تھا تاہم بعد میں بینڈ میں 2 افراد ہی رہ گئے۔

33 سال کے دوران اسٹرنگز نے بے شمار مقبول گانے بنائے جنہیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں بے حد پذیرائی ملی۔