امریکی کمپنی ایپل نے اپنے آپریٹنگ سسٹم میں سنگین خامی سامنے آنے کے بعدآئی فون، آئی پیڈ اور سمارٹ گھڑیوں کے لیے ایک ایمرجنسی اپ ڈیٹ ریلیز کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایپل نے آئی فونز اور آئی پیڈز کے لیے آئی او ایس 14.4.2 اور اسمارٹ گھڑیوں کے لیے واچ او ایس 7.3.3 کی ایمرجنسی اپ ڈیٹ دی ہے۔
ایپل کے آپریٹنگ سسٹم میں خامی گوگل کے تھریٹ اینالیسز گروپ نے تلاش کی ہےاور یہ براہ راست ایپل کے ویب کٹ براؤزر انجن میں موجود ہے۔
ایپل کا کہنا ہے کہ اس خامی کا بہت تیزی سے ناجائز فائدہ اٹھایا جا رہا ہے اس لیے ایمرجنسی اپ ڈیٹ ریلیز کی گئی ہے۔
ابھی ایپل کی جانب سے اس خامی کی زیادہ تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں مگر ایسی خامیاں اکثر صارفین کو ایسی سائٹس پر منتقل کرتی ہیں جہاں ان کی معلومات اور ڈیٹا چوری ہو سکتا ہے۔
اس خامی کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ایپل نے پرانی ڈیوائسز یعنی آئی فون5s، آئی فون 6، آئی فون 6پلس، آئی پیڈ ائیر، آئی پیڈ منی2، آئی پیڈ منی 3 اور آئی پوڈ ٹچ (چھٹی جنریشن) کے لیے بھی آئی او ایس 12.5.2 ریلیز کیا ہے۔
اس لیے اگر آپ کسی بھی سنگین سیکیورٹی مسئلے سے بچنا چاہتے ہیں تو اپنا آپریٹنگ سسٹم فوراً اپ ڈیٹ کر لیں۔