افغانستان‘ طالبان کا حملہ، پولیس چیف سمیت 10 اہلکار ہلاک،متعدد زخمی

کابل:افغانستان کے صوبے ہلمند میں طالبان جنگجوؤں نے پولیس قافلے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ٹاؤن پولیس چیف سمیت 10اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق صوبے ہلمند کے علاقے سنگین کی مرکزی شاہراہ پر طالبان جنگجوؤں نے پولیس قافلے پر دھاوا بول دیا، حملہ اتنا اچانک تھا کہ پولیس کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔

پولیس قافلے پر حملے میں ٹاؤن پولیس چیف محمد سروری سمیت 10اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جوابی کارروائی میں 15طالبان بھی مارے گئے تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے اور نہ ہی پولیس نے ہلاک ہونے والے جنگجوؤں کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔

دریں اثنا قندھار صوبے میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں تین پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ صوبے کپیسا میں مبینہ طور پر طالبان افغان فوجی اہلکار کے والد کو قتل کرکے بھائی کو اغوا کرکے لے گئے۔

ایک روز قبل بھی ہلمند میں کار بم دھماکے میں افغان فوج کے 3 اہلکار ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے تھے جبکہ جمعرات کے روز طالبان اور سیکیورٹی فورسز کی جھڑپ میں ایک لڑکی ہلاک ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ افغان طالبان اور کابل حکومت کے دوحہ میں سست روی کے شکار مذاکرات اور امریکا کی نئی حکومت کی جانب سے غیرملکی فوجیوں کے انخلا میں توسیع کے عندیے کے باعث افغانستان میں دونوں جانب سے پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔