مودی کی آمد، بنگلادیش میں مزید 5 افراد ہلاک

 

ڈھاکا: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بنگلادیش آمد پر شروع ہونے والے مظاہروں کے دوسرے روز بھی مزید 5 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔

 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش میں جمعے کے روز بھارتی وزیراعظم کی آمد پر شروع ہونے والا ملک گیر احتجاج تاحال جاری ہے، دوسرے روز بھی مبینہ پولیس فائرنگ سے مزید 5 مظاہرین ہلاک ہوگئے۔ دو روز میں پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی۔

 

 

چٹاگانگ کے ضلع برہمن باریہ کے اسپتال کے ایم ایس نے میڈیا کو بتایا کہ گولیاں لگنے سے زخمی 17 افراد کو اسپتال لایا گیا جن میں سے 3 مردہ حالت میں لائے گئے تھے 2 نے اسپتال میں دم توڑ دیا جب کہ 12 زخمی ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

 

برہمن باریہ کے ایک صحافی نے بتایا کہ حفاظت اسلام کے 3 ہزار سے زائد مظاہرین نے ضلع میں سرکاری دفاتر اور عمارتوں کو آگ لگادی تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ ہلاکتیں پولیس فائرنگ سے ہوئیں یا کوئی اور معاملہ ہے۔

 

مودی کی آمد پر شروع ہونے والے مظاہروں کے بعد سے ملک کے مختلف حصوں میں پیرا ملٹری فورس کو تعینات کردیا گیا ہے۔ سیکڑوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ مظاہرین گجرات میں مسلم کش فسادات پر مودی کیخلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔

 

واضح رہے کہ مودی بنگلادیش کی آزادی کی گولڈن جوبلی کی تقریب میں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر جمعے کے روز ڈھاکا پہنچے تھے اور تب سے ملک بھر مین احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔