واشنگٹن: امریکا کی سدرن کیلیفورنیا یونیورسٹی اپنی700 سے زائد طالبات کیساتھ جنسی زیادتی کے ازالے کے طور پر 132ارب روپے ادا کرے گی۔
یونیورسٹی کی سابقہ710 طالبات نے ڈاکٹر جارج پر جنسی زیادتی کے الزامات عائد کیے تھے، اور یہ رقم ازالے کے طور پر ادا کی جانے والی سدرن کیلیفورنیا یونیورسٹی کی سب سے بڑی رقم ہے۔
خواتین کے مطابق انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا تھا لیکن انتظامیہ نے کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔
ڈاکٹر جارج ماہر امراض نسواں ہیں اور30 برس تک یونیورسٹی میں تعینات رہے۔ملزم نے سابقہ طالبات کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
خواتین نے الزام لگایا کہ ڈاکٹر جارج ٹنڈال ان کے طبی معائنے کے دوران ان کے ساتھ زیادتیاں کرتے رہے تھے۔ زیادتی کا شکار ہونے والی زیادہ تر خواتین کا تعلق مبینہ طور پر چین سے تھا۔
لاس اینجلس میں قائم اس یونیورسٹی نے ملزم کو 2017 میں معطل کر دیا تھا۔ اس کے بعد اس معاملے کو سرکاری میڈیکل بورڈ میں بھیج دیا گیا۔
سات سو دس خواتین کے معاملے پر عدالت میں تصفیہ ہوگیا ہے اور اب یونیورسٹی ازالے کے طور پر ایک سو32 ارب روپے ادا کرے گی۔
ڈاکٹر جارج ٹنڈال کیخلاف اسی قسم کا ایک اور مقدمہ بھی دائر ہے جس کی عدالتی کارروائی جاری ہے۔ جرم ثابت ہونے پر جارج کو 64 سال قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔