مکہ: عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی میں رمضان کے دوران اجتماعی افطار اور اعتکاف پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈینسی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس نے کہا ہے کہ رواں سال بھی حرمین شریفین میں اعتکاف اور اجتماعی افطار کا انتظام نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا ہے کہ تمام نمازی اور زائرین کورونا ویکسین لازمی لگوائیں اور سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھیں۔ اس کے علاوہ ماسک کا استعمال بھی لازمی کریں۔
الشیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ حرمین پریذیڈینسی نمازیوں اور معتمرین کے استقبال اور انہیں ہرممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کے موقعے پر اجتماعی افطار اور اعتکاف نہیں ہو گا، تاہم معتمرین حضرات کے لیے صحن مطاف میں افطاری اور سحری کے لیے جگہ مختص کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے حرمین شریفین میں آنے والے لوگوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل فراہم کیے ہیں۔