واشنگٹن:امریکی صدرجو بائیڈن نے پاکستانی امریکی زاہد قریشی کو وفاقی جج کے عہدے کے لئے نامزد کردیا ہے۔
زاہد قریشی منجھے ہوئے ماہر قانون اورامریکہ میں بسنے والی مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے ان10 امریکی ماہرین قانون میں شامل ہیں، جنہیں صدر بائیڈن نے امریکہ کے وفاقی نظام انصاف میں بطور جج نامزد کیا۔
وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ امیدوار امریکہ کے شعبہ قانون میں موجود بہترین ذہن ہیں۔
ان میں سے ہر ایک امریکی آئین کے مطابق غیر جانبدارانہ طور پر انصاف مہیا کرنے کی قابلیت رکھتا ہے۔
زاہد قریشی اس وقت ریاست نیو جرسی میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ جج کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور وہ وفاقی عدالت کے بینچ پر فائز ہونے والے پہلی ایشیائی امریکی جج ہیں۔
سینیٹ سے نامزدگی کی منظوری کے بعد زاہد قریشی امریکہ میں فیڈرل جج بننے والے پہلے مسلمان ہوں گے۔
زاہد قریشی امریکی قانون اور نظام انصاف میں کام کرنے کا طویل تجربہ رکھتے ہیں۔
انہیں ریاستی اور وفاقی سطح پر جرائم کے پیچیدہ مقدمے لڑنے اور کارپوریشنوں میں تفتیش کرنے کا وسیع تجربہ ہے۔
انہوں نے اپنے وکالت کے کیرئیر میں حکومتی عملداری کے نفاذ اور قوائدو ضوابط پر پابندی کے معاملے سے متعلق کیسز پر کام کیا ہے۔