سائرہ اور شہروز پھر اکٹھے ہوگئے 

پاکستان کی ماڈل و اداکارہ سائرہ یوسف اور اداکار شہروز سبزواری کی آنے والی فلم  sairoz کی شوٹنگ کا آغاز  دوبارہ کر دیا گیاہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر سائرہ اور  شہروز کی شوٹنگ کے سیٹ پر لی گئی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سائرہ اور شہروز ان دنوں اپنی آنے والی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور ان کی وائرل ہونے والی تصاویر کراچی میں واقع سٹوڈیو کی ہیں۔

وائرل تصاویر میں دونوں اداکاروں کو سیاہ لباس زیب تن کیے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل شہروز سبزواری نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ تین فلموں پر کام کر رہے ہیں جن میں سے ایک فلم ان کی سابقہ اہلیہ سائرہ یوسف کے ہمراہ ہے اور  فلم کا آخری گانا رواں ماہ کی آخری تاریخوں 26،27 اور 28مارچ کو فلمایا جائے گا۔

شہروز سبزواری کے مطابق اگر عالمی وبا نہ آتی تو فلم کچھ عرصہ قبل ہی ریلیز کر دی جاتی تاہم اب فلم کو جلد ہی ریلیز کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ 2018 میں شوبز کی مقبول جوڑی نے انسٹاگرام پر اپنی آنے والی فلم کا ایک سین شیئر کرتے ہوئے نئے پراجیکٹ میں ایک ساتھ کام کرنے کا اعلان کیا تھا، شہروز نے اس پوسٹ کا کیپشن ”sai“ دیا تھا جب کہ سائرہ نے ”roz“ لکھتے ہوئے جوڑی کا نام مکمل کیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کی کہانی مشروط محبت پر مبنی ہے جس میں بھارتی اداکار انکور راٹھی نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ فلم سائرہ اور شہروز کی مشترکہ طور پر دوسری فلم ہوگی۔