پاکستانی اداکارہ و ماڈل میرا سیٹھی نے اداکار نعمان اعجاز سے اختلاف کا انکشاف کیا ہے۔
اداکار عدنان صدیقی حال ہی میں اداکارہ میرا سیٹھی کے ویب شو میں جلوہ گر ہوئے اور دوران شو اداکار ہ نے عدنان صدیقی سے ان کے پسندیدہ اداکار سے متعلق سوال کیا۔
عدنان صدیقی نے مشہور اداکار نعمان اعجاز کو اپنا پسندیدہ اداکار قرار دیا اور ان کا کہناتھا کہ ہمارے پاس بہت سے اچھے اداکار موجود ہیں جن میں سے ایک نعمان اعجاز ہیں۔
عدنان کے جواب میں میرا سیٹھی نے لمحے بھر کے لیے خود کو روکا اور پھر کہا مجھےنعمان اعجاز کی گفتگو سے بہت اختلاف ہے اور مجھے ان کی اداکاری اچھی لگتی تھی لیکن جب انہوں نے می ٹو ، ہی ٹو اور شی ٹو کہا تو بس مجھے یہ بہت عجیب لگا۔
میرا سیٹھی نے عدنان صدیقی سے سوال کیا کہ کیا جب مرد ساتھ بیٹھتے ہیں تو وہ واقعی می ٹو تحریک کا مذاق اڑاتے ہیں؟
عدنان صدیقی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ تحریک کا مذاق اڑانا دوسری چیز ہے لیکن میری نظر میں آگاہی ہونا ضروری ہے اور ہم تو اس تحریک سے ڈر گئے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس نعمان اعجاز کا ایک انٹرویو کلپ خاصا وائرل ہوا تھا جس میں انہوں نے می ٹو تحریک کے لیے ان الفاظ کا انتخاب کیا تھا۔