واشنگٹن:امریکی صدرجوبائیڈن نے معیشت کی بحالی کا سب سے بڑا منصوبہ پیش کردیا جو 23 کھرب ڈالر کا ہے۔
امریکی صدرجوبائیڈن کی جانب سے امریکا میں نئی معیشت کی بحالی اور انفرا اسٹرکچر کو سہارا دینے کے لیے بڑا منصوبہ پیش کیا ہے جس کی مالیت 23 کھرب ڈالرہے اورمنصوبہ 8 سالوں پرمحیط ہوگا۔
اس منصوبے کے ذریعے 20 ہزارکلومیٹر طویل سڑکیں بنانے سمیت ہزاروں کی تعداد میں پلوں کی تعمیر نو کی جائے گی۔
پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے مالی امداد کودگنا کیا جائے گا جب کہ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ہزاروں چارجنگ اسٹیشن بھی بنائے جائیں گے۔
امریکی صدرجوبائیڈن نے پیش کیے جانے والے منصوبے کو خلائی دوڑسے تعبیرکرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ کئی نسلوں میں ایک بارہی پیش کیا جاتا ہے جس کی مدد سے ایک ایسی نئی معیشت وجود میں آئے گی جوچین کو بھی پیچھے چھوڑ دے گی۔
جوبائیڈن نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ امریکا میں روزگار پیدا کرنے کا سب سے بڑا منصوبہ ہوگا، منصوبے کی مدد سے لاکھوں ملازمتوں کا اجرا ہوگا اورٹرانسپورٹ نیٹ ورک بحال کرنے سمیت امیزون سمیت دیگر بڑی کمپنیوں پر پر ٹیکسوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب صدربائیڈن اس منصوبے کوموسم گرما تک منظورکروانے کے خواہش مند ہیں تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ ریپبلکن قانون سازوں کی جانب سے منصوبے کومزاحمت کا سامنا ہوگا۔