کروشیا: عام انسان صرف دو منٹ بھی سانس نہیں روک سکتا لیکن کروشیا کے 54 سالہ غوطہ خور، بودیمیر بودا شوبات نے پورے 24 منٹ 33 سیکنڈ تک سانس روک کر ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
شوبات پچھلے چند سال سے اپنے جسم کو انتہائی نوعیت کے مختلف حالات میں آزمانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ان کا حالیہ ریکارڈ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
یہ ریکارڈ قائم کرنے سے پہلے شوبات نے اپنے پھیپھڑوں میں وافر آکسیجن جمع کرنے کےلیے پانچ منٹ تک خالص آکسیجن میں گہرے گہرے سانس لیے۔
اس کے بعد انہوں نے تالاب میں اتر کر پانی کے اندر اپنا سر کر لیا تاکہ وہ چاہیں بھی تو سانس نہ لے سکیں۔ کروشیا کے قصبے سیساک میں انجام دی گئی اس تمام کارروائی کی ویڈیو ریکارڈ کرکے یوٹیوب پر بھی رکھ دی گئی ہے، جو تقریباً سوا گھنٹے جتنی طویل ہے:
بتاتے چلیں کہ اس سے پہلے بھی وہ زیرِ آب 24 منٹ 11 سیکنڈ تک سانس روک کر ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔
تازہ کوشش میں انہوں نے پانی کے نیچے رہتے ہوئے، 24 منٹ 33 سیکنڈ تک سانس روک کر اپنا ہی بنایا ہوا ریکارڈ توڑا ہے۔
ذرائع ابلاغ کی مختلف ویب سائٹس نے بھی اس ریکارڈ کی تصدیق کردی ہے لیکن فی الحال گنیز ورلڈ ریکارڈ نے اسے عالمی ریکارڈز کی فہرست میں شامل نہیں کیا ہے۔