کیپیٹل ہل کی عمارت پر ایک بار پھر حملہ

واشنگٹن: امریکا میں کیپٹل ہل کی عمارت کے باہر کھڑے سکیورٹی اہلکاروں پر مشتبہ حملہ آور نے گاڑی چڑھادی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔

 واشنگٹن ڈی سی میں کیپیٹل ہل کی عمارت پر ایک بار پھر حملے کی کوشش کی گئی تاہم سکیورٹی فورسز نے حملہ کو ناکام بنادیاجبکہ واقعہ میں حملہ آور سمیت ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

 امریکی میڈیاکے مطابق مشتبہ حملہ آور نے کیپٹل ہل کے باہر کھڑے سکیورٹی اہلکاروں پر پہلے گاڑی چڑھائی اور پھر گاڑی عمارت کے باہر حفاظت کے لیے لگائی گئی رکاوٹوں سے ٹکرادی جس کے بعد حملہ آور گاڑی سے باہر نکلا اور چاقو لیکر سکیورٹی اہلکار کی جانب بڑھنے لگا۔

 اس دوران پولیس نے حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی تاہم ناکامی پر اسے گولی ماردی،واقعہ کے بعد فورسز کی بھاری نفری نے عمارت سمیت پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ زخمی اہلکاروں اور حملہ آور کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک حملہ آور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق حملے کا  دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی مزید کسی حملے کا خدشہ ہیجبکہ واقعہ کا جنوری میں کیپیٹل ہل کی عمارت پر ہونے والے حملے سے بھی کوئی تعلق نہیں۔

 حملہ آور کی شناخت 25سالہ نوح گرین کے نام سے ہوئی ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔