5جی ٹیکنالوجی کے مضر اثرات بارے عدالت نے رپورٹ مانگ لی

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے فائیو جی ٹیکنالوجی کے مضر اثرات سے متعلق پی ٹی اے سے جواب طلب کرلیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں 5 جی ٹیکنالوجی پر پابندی لگانے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے درخواست گزار سے سوال کیا کہ بتائیں، 5 جی ٹیکنالوجی کیسے مضر صحت ہے؟ کیا 5 جی کا کسی کو لائسنس دیا گیا ہے ؟ 

درخواست گزار نے بتایا کہ 5 جی ٹیکنالوجی انسانی صحت، ماحول اورآب و ہوا کے لیے نقصان دہ ہے اور 5 جی کا باقاعدہ لائسنس کسی کو جاری نہیں ہوا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ پی ٹی اے حکام وضاحت دے سکیں گے کہ کیا 5 جی کے مضر صحت اثرات ہو سکتے ہیں؟ دنیا انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی میں آگے بڑھ رہی ہے اور ہم پابندی لگادیں؟ ہم پی ٹی اے کے جواب کے بعد ہی کارروائی آگے بڑھائیں گے۔

عدالت نے فائیو جی ٹیکنالوجی سے متعلق پی ٹی اے حکام کو نوٹس جاری کردیے۔