دنیا بھر میں جہاں ایک طرف کورونا کے وار تیزی سے جاری ہیں تو وہیں کورونا کا مقابلہ کرنے کے لیے نت نئی ایجادات کی تیاری میں بھی دن بدن اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
امریکن ریپر اور انٹرپرینیور ول آئی ایم نے ملٹی نیشنل کمپنی ہنی ویل کے ساتھ مل کر جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ فیس ماسک ’سپر ماسک‘ (Xuper mask ) متعارف کروایا ہے۔
ول آئی ایم کے مطابق سپر ماسک ایک ایسی پراڈکٹ ہے جو تحفظ، ڈیزائن اور افادیت کا مجموعہ ہے، ماسک ایل ای ڈی لائٹس، 3 اسپیڈ فینز اور شور سے پاک ہیڈ فون جیسی خصوصیات کا حامل ہے۔
ول آئی ایم کا مزید کہنا ہے کہ ماسک کی تیاری کا مقصد ناک اور منہ ڈھانپنے کے ساتھ ساتھ سانس کی فراہمی کو بھی آسان بنانا ہے۔
امریکن ریپر کے مطابق ماسک کو ایک منفرد پیٹنٹڈ فلٹر کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے اور ہمیں اس کی تیاری پر فخر ہے کیونکہ ہم نے سپر ماسک میں فیشن اور تحفظ کو یکجا کردیا ہے اور رپورٹس کے مطابق ماسک کی قیمت 299 ڈالر ہے ۔