پاکستان کے نامور گلوکار علی ظفر کے بھائی اداکار دانیال ظفر نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 2017 میں ڈزنی کی فلم الہ دین کے لیے آڈیشن دیا تھا اور انہیں اگلے ہی دن شارٹ لسٹ کرلیا گیا۔
نجی ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو کے دوران دانیال ظفر نے بالی وڈ اور ہالی وڈ فلم میں کام اور آڈیشن سے متعلق گفتگو کی۔
دانیال ظفر نے کہا کہ مجھے بھارت سے 5 سال پہلے بالی وڈ فلم قیدی بینڈ کے لیے کال آئی تھی جس کے لیے میں بھارت گیا اور 2 ماہ وہیں رکا، اس دوران فلم میں اداکاری کے حوالے سے ورکشاپ بھی لی لیکن فلم کی شوٹنگ سے دو ہفتے قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی مسئلہ ہوگیا۔
دانیال ظفر نے بتایا کہ جس دن یش راج فلمز نے مجھے فلم کے لیے متعارف کروانا تھا عین اسی دن پاکستان اور بھارت کے درمیان پیش ہونے والے واقعے کے سبب سب کچھ منسوخ ہوگیا، پھر مجھے سکیورٹی کے حصار میں ائیر پورٹ تک چھوڑا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بالی وڈ میں ڈیبیو نہ کرنے کے باعث اداس تھا لیکن جب فلم ریلیز ہونے پر پتا چلا کہ فلم نے اچھا بزنس نہیں کیا تو سوچا جو ہوتا ہے اچھے کے لیے ہوتا ہے۔
دوران انٹرویو ہالی وڈ آڈیشن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے دانیال ظفر نے کہا کہ انہوں نے 2017 میں لندن میں موجودگی کے دوران ڈزنی کی فلم الہ دین کا آڈیشن دیا تھا ،آڈیشن میں گانا گانا تھا میں نے گانا گایااور اس کے بعد پاکستان آگیا۔
دانیال ظفر کا کہنا تھا کہ مجھے اگلے دن کال آگئی کہ آپ شارٹ لسٹ ہوگئے ہیں اس کے بعد میں لندن واپس آگیا اور لندن میں الہ دین کی کاسٹنگ ڈائریکٹر کے ساتھ ایک ماہ تک آڈیشن کے لیے موجود رہا اگرچہ مجھے وہ پراجیکٹ نہیں ملا لیکن اس دوران ہمیں امریکن فلم ڈائریکٹر گائے رچی کی جانب سے ہدایات دی جاتی جو میرے لیے سب سے بڑی کامیابی تھی۔