ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ ماہیما چوہدری نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اپنی بیٹی کے ساتھ گاڑی میں جارہی ہیں بھارتی سوشل میڈیا پر اداکارہ کی بیٹی کی خوبصورتی کے چرچے ہورہے ہیں۔
فلم ’’پردیس‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ ماہیما چوہدری کا شمار بالی ووڈ کی خوبصورت اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ ماہیما چوہدری فلموں سے دور ہیں لیکن سوشل میڈیا پر کافی سرگرم ہیں اور اپنی تصاویر اور روزمرہ کی روٹین سے اپنے مداحوں کو آگاہ رکھتی ہیں۔
گزشتہ روز ماہیما چوہدری نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے بیٹی آریانا کے ساتھ ڈینٹسٹ کے پاس جارہی تھیں۔ سوشل میڈیا پر ماہیما چوہدری کی اس ویڈیو کو کافی پسند کیاجارہا ہے اور لوگ ان کی بیٹی کی خوبصورتی کو سراہ رہے ہیں۔ جب کہ بھارتی میڈیا نے ان کی بیٹی کو اپنی ماں کی طرح خوبصورت قرار دیا ہے۔
ماہیما چوہدری نے 2006 میں بوبی مکھرجی نامی بزنس مین سے شادی کی تھی جس سے ان کی ایک بیٹی آریانا مکھرجی ہے۔ تاہم گھریلو ناچاقیوں کی وجہ سے ان کے رشتے میں دراڑ پڑنا شروع ہوگئی اور یہ جوڑی 2013 میں الگ ہوگئی۔ اس کے بعد سے ماہیما چوہدری اپنی بیٹی کو اکیلے ہی پال رہی ہیں۔ اس سے قبل بھی ماہیما چوہدری کی بیٹی کی تصاویربھارتی میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔