نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت میں آج کل جیب کترے بندروں کا چرچا ہے جو بس اسٹاپ پر درجنوں شہریوں کی جیب کاٹ کر ان کو رقم سے محروم کرچکے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت میں 3 بندر شہریوں سے رقم اور بٹوے چھیننے کی وارداتیں کررہے ہیں۔ یہ بندر شہریوں کی جیب سے رقم نکالنے اور بٹوے چرانے کی باقاعدہ تربیت رکھتے ہیں۔
ایک وکیل نے تھانے میں شکایت کرائی کہ رکشے میں ایک آدمی میرے ساتھ بیٹھا اور اس نے ایک بندر کو اگلی نشست جب کہ دوسرے کو میرے ساتھ بیٹھا دیا۔ ان بندروں نے مہارت سے میرے بٹوے اور بیگ سے چھ ہزار روپے نکال لیئے۔
بھارتی پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ اس گروہ کی گرفتاری کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے ایک بس اسٹاپ پر دو افراد کو بندروں سمیت گرفتار کرلیا۔ بندروں کو جانوروں کی پناہ گاہ منتقل کردیا گیا۔
دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے بندروں کو شہریوں کی جیبوں سے پرس نکالنے کی خصوصی تربیت دی تھی اور اب تک سیکڑوں لوگوں کو لوٹ چکے ہیں۔