ابوظہبی:متحدہ عرب امارات نے مزید دو خلانوردوں کو اپنے خلائی پروگرام کے لیے منتخب کیا ہے۔
ان میں ایک خاتون ہیں اور وہ خلا میں جانے والی یو اے ای کی پہلی خلانورد ہوں گی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حاکم دبئی،متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ایک ٹویٹ میں ان دو نئے خلانوردوں کی نامزدگی کی اطلاع دی۔
انھوں نے ان کے نام نوراالمطروشی اور محمد المولا بتائے لیکن ان کے بارے میں مزید کوئی تفصیل جاری نہیں کی کہ انھوں نے تعلیم کہاں سے حاصل کی تھی اور خلائی سائنس میں ان کا کیا تجربہ ہے۔
یو اے ای کی سات امارتوں سے تعلق رکھنے والے چارہزار سے زیادہ امیدواروں نے خلائی پروگرام میں شامل ہونے کے لیے درخواست دی تھی لیکن ان میں سے صرف مذکورہ دو خوش نصیب خلانورد منتخب ہوسکے ہیں۔
ان دونوں کو اب ناسا کے ہوسٹن ٹیکساس میں واقع جانسن خلائی مرکز میں تربیت دی جائے گی۔
2019 میں یو اے ای سے تعلق رکھنے والی میجرہزاالمنصوری نے ایک بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر آٹھ روز گزارے تھے۔ وہ بیرون ملک کسی مشن کے ساتھ خلا میں جانے والی یو اے ای کی پہلی خلانورد تھیں۔
متحدہ عرب امارات کے خلائی پروگرام نے اس سال کے اوائل میں اہم کامیابی حاصل کی ہے اور اس نے فروری میں اپنے سیٹلائٹ امل (امید)کو مریخ کے مدار میں اتار دیا تھا۔
اس نے 2024 میں اپنی بغیرانسان خلائی گاڑی کو چاند پر بھیجنے کا بھی اعلان کررکھا ہے۔یو اے ای نے قبل ازیں 2017 میں مریخ پر ایک انسانی بستی بسانے کا بھی اعلان کیا تھا۔