اور اب سائنس فکشن فلم حقیقت کا روپ دھارنے کے قریب

 سائنس دانوں نے بندر کے دماغ میں معلومات براہ راست داخل کرنے کا کامیاب تجربہ کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں انسانی ذہن میں کسی بھی معلومات کو بآسانی منتقل کیا جاسکے گا۔

امریکا کی ارب پتی کاروباری شخصیت ایلن مسک کی کمپنی Neuralink نے بندر کے دماغ میں الیکٹرونک چپ لگا کر ویڈیو گیم کھیلنا سکھا دیا، کمپنی نے جلد انسانوں میں بھی تجربات کا اعلان کردیا۔

ایلن مسک نےایک پیغام میں کہا کہ کامیاب تجربات کے بعد ایسی پروڈکٹ جلد لائی جائے گی جو فالج زدہ افراد کے لیے اسمارٹ فون استعمال کرنا ممکن بنا سکے گی۔

ابھی یہ تحقیق ابتدائی مراحل میں ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس عمل کے ذریعے ایسے افراد کے علاج کا ایک نیا راستہ کھل سکتا ہے جن کے دماغ کے کچھ حصے کسی انجری یا فالج کی صورت میں کام کرنا چھوڑ چکے ہوں۔

واضح رہے کہ اس تحقیق کے مطابق آپ اپنی مطلوبہ معلومات کسی کے بھی دماغ میں منتقل کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں، یہ بالکل اسی طرح کا آئیڈیا ہے جو کہ ہالی ووڈ کی مشہور زمانہ سائنس فکشن فلم ’’ دی میٹرکس‘‘ میں دکھایا گیا ہے کہ لوگوں کے دماغ میں جوڈو، کراٹے سمیت لڑائی کے دیگر فنون کی معلومات داخل کردی جاتی ہیں اور وہ چند سیکنڈز بعد ہی ان فنون کا ماہر بن جاتا ہے جس طرح کمپیوٹر میں کوئی سافٹ ویئر انسٹال کردیا جائے۔