لندن: سمارٹ فون ایسی جادو کی پُڑپا ہے کہ اسے استعمال کرتے ہوئے انسان دنیا سے بے خبر ہوجاتا ہے، لیکن انسان کا یہی انہماک کبھی کبھی کسی حادثے کا پیش خیمہ بن جاتا ہے۔
دنیا بھر میں متعدد افراد سمارٹ فون پر مصروف رہتے ہوئے اکثر و بیشتر کبھی کسی گاڑی سے ٹکرا جاتے ہیں تو کبھی کبھی دیوار یا کھمبے سے۔
اسمارٹ فون کے ایسے ہی شیدائیوں کے لیے ایک ایسی ایپلی کیشن بنائی گئی ہے جو چلتے ہوئے موبائل پر نظریں جمائے رکھنے کے عادی افراد کو سر اٹھانے پر مجبور کردیتی ہے۔
XDA Developers کی جانب سے بنائی گئی اس ایپلی کیشن Heads Up کوگوگل پلے اسٹور سے مفت میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔ یہ ایپلی کیشن ڈیجیٹل ویل بینگ کے زُمرے میں آتی ہے۔
اس ایپ کے سکرین شاٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگر آپ چلتے وقت اس ایپ کو استعمال کر رہے ہیں تو فورا آپ کی موبائل سکرین پر ایک نوٹی فیکیشن ظاہر ہوگا جس میں آپ کو مختلف پیغامات دیے جائیں گے جیسے کہ’ محتاط رہیے‘،’سامنے دیکھیں‘، وغیرہ وغیرہ۔
اس ایپلی کیشن کے ڈیولپر کے مطابق اس ایپ کو فون کی سیٹنگ میں جا کر سوئچ آن اور سوئچ آف بھی کیا جاسکتا ہے، اسی طرح صارف اپنی مرضی کے مظابق نوٹیفیکیشن کو بند یا اس کے ظاہر ہونے کا وقت بھی مقرر کر سکتا ہے۔ فی الحال اس ایپلی کیشن سے اینڈرائیڈ موبائل فون صارفین ہی مستفید ہوسکتے ہیں۔