کراچی میں خواجہ سراؤں کی ٹیلرنگ شاپ کھل گئی 

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں خواجہ سراؤں نے کپڑے سینے کی دکان کھول لی۔

 دکان کی مالک جیا کے مطابق خواتین ان سے کپڑے سلوانے میں آرام دہ محسوس کرتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رزق حلال کمانے اور بااختیار ہونے کا عزم رکھنے والے خواجہ سراؤں نے ٹیلرنگ شاپ کھول لی۔

 دکان کی مالک 35 سالہ جیانے بتایا کہ انہوں نے رمضان سے قبل یہ دکان کھولی ہے اور انہیں امید ہے کہ لوگوں کو ان کا کام پسند آئے گا۔

جیا کا کہنا ہے کہ کپڑے سینے کا شعبہ مردوں نے سنبھال رکھا ہے، بعض خواتین مرد درزیوں کے پاس جانے سے ہچکچاتی ہیں۔

 ایسی خواتین ان سے کپڑے سلوانے میں آرام دہ محسوس کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں سلائی کرنے کا خیال اس وقت آیا جب انہوں نے دیکھا کہ خواجہ سراؤں کو کپڑے سلوانے میں مشکل کا سامنا ہوتا ہے، اس کے بعد انہوں نے 2 سال کی محنت سے خود سلائی سیکھی اور اب یہ دکان کھول لی۔

جیا اب دوسرے خواجہ سراؤں کو بھی سلائی سکھاتی ہیں، ان کا خواب ہے کہ وہ اپنا ملبوسات کا برانڈ بنائیں۔