گلوکارہ کومل رضوی کے حیران کن انکشافات

پاکستانی گلوکارہ کومل رضوی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شادی کے بعد جب عمان میں موجود تھیں تو انہیں شوہر کے سلوک کی وجہ سے کئی مرتبہ بھوکا سونا پڑا۔

اداکارہ حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں شریک ہوئیں جس میں انہوں نے اپنی ناکام ازوداجی زندگی سے متعلق گفتگو کی۔

گلوکارہ نے کہا کہ اگر ایک لڑکی ازدواجی زندگی میں خود کو بے یارومددگار سمجھے تواس کا پڑھا لکھا ، مضبوط اور خود مختار ہونا معنی نہیں رکھتا۔

کومل رضوی نے بتایا کہ میں نے اپنے شوہر کو 6 سال برداشت کیا، وہ ذہنی طور پر بیمار تھا اور مجھ پر ہاتھ اٹھاتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ شادی شدہ زندگی کے دوران کئی ماہ بھوکی سوئی کیوں کہ شوہر پیسے نہیں دیتا تھا، اس وقت عمان میں رہتی تھی اور کوئی کام بھی نہیں کرتی تھی۔
گلوکارہ نے مزید بتایا کہ میں 4 سال قید رہی اس دوران کبھی ٹیوشن پڑھا کر کچھ پیسے کمائے لیکن  پھر میں نے ٹھان لی کہ کچھ کرنا ہے جس کے بعد کورس کیا اور کھانا پکانا سیکھا، بعد ازاں میں عمان کے اسٹورز میں کھانا سپلائی کیا کرتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب شوہر نے مجھ پر تشدد کرکے زخمی کیا تو والدین کو شک ہوگیا اور انہوں نے مجھے واپس آنے کے لیے کہنا شروع کردیا،  پھر ایک دن والد آئے اور مجھے پاکستان واپس لے آئے۔

کومل رضوی نے آج کی خواتین کے لیے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ شاید پہلی لڑکی ہوں جو یہ کہہ رہی ہوں کہ  لڑکیوں کے پاس تعلیم ہو یا نہ ہولیکن ہنر کاہونا بہت ضروری ہے۔