کراچی: معروف اداکارہ حبہ بخاری نے فلم انڈسٹری میں اپنی آمد اور زندگی کے ساتھی کے بارے میں دلچسپ باتیں بتائیں، انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنے گھر والوں کو بہت دلائل دے کر منایا۔
تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ حبہ بخاری نے نجی ٹی وی کے پروگرام گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ڈرامہ انڈسٹری میں آنے کے لیے گھر والوں کو بہت مشکل سے منانا پڑا۔
حبہ نے بتایا کہ وہ اپنی والدہ کے ساتھ حسینہ معین سے ملی تھیں اور انہیں دیکھ کر حسینہ معین نے کہا کہ وہ ایسی لڑکی 4 سال سے ڈھونڈ رہی تھیں۔
اس کے بعد حبہ نے اپنے والد کو مختلف دلائل دے کر منایا اور بالآخر انڈسٹری میں قدم رکھ دیا۔
حبہ کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ چاہتی تھیں کہ وہ اسکرین پر کم نظر آئیں لیکن ان کی نانی نے دیکھ کر کہا کہ اسکرین پر اتنا کم کیوں آتی ہو زیادہ نظر آیا کرو، جس کے بعد نانی نے ہی والدہ کو منایا۔
حبہ نے بتایا کہ ان کے اس قدر رشتے آتے ہیں کہ انہیں اب اس کی عادت ہوچکی ہے، ان کا پہلا رشتہ اس وقت آیا تھا جب وہ چھٹی کلاس میں تھیں۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے ساتھی کے بارے میں کچھ نہیں سوچا، یہ اللہ کی طرف سے ہوتا ہے اور وہ جب اور جیسا چاہتا ہے ویسا ہی ہوتا ہے۔
حبہ کے خیال میں جو شخص اپنے خاندان سے قریب ہوگا وہ شوہر بھی اچھا ثابت ہوگا لہٰذا انہیں ایسا ہی شخص چاہیئے۔