پیساڈینا، کیلیفورنیا: ناسا کا چھوٹا ہیلی کاپٹر ’’انجینیٹی‘‘ اپنی پہلی آزمائشی اُڑان بھر چکا ہے جبکہ امریکی خلائی تحقیقی ادارے ’’ناسا‘‘ نے یوٹیوب پر یہ ساری کارروائی یوٹیوب پر لائیو اسٹریم کے ذریعے نشر کی جسے سوا لاکھ سے بھی زائد افراد نے دنیا بھر میں دیکھا۔
انجینیٹی ہیلی کاپٹر کی پہلی پرواز سے متعلق لائیو اسٹریم کی ریکارڈنگ آپ بھی دیکھ سکتے ہیں:
واضح رہے کہ اس مہینے کے اوائل میں ’’انجینیٹی‘‘ کے مرکزی روور ’’پرسیویرینس‘‘ سے الگ ہوجانے کے بعد، پرواز اور رہنمائی سے متعلق اس کے سافٹ ویئر میں کچھ خامیوں کا انکشاف ہوا تھا جنہیں درست کرنے میں کئی دن لگ گئے۔
اگلے مرحلے میں اس کے پنکھوں (روٹرز) کو خاصی رفتار سے گھما کر ان روٹرز کی کارکردگی جانچی گئی۔ پرواز کےلیے انجینیٹی کے روٹرز کا تقریباً 25 ہزار چکر فی منٹ کی رفتار سے گھومنا ضروری تھا۔
ناسا کے ماہرین نے کچھ دیر پہلے ہی انجینیٹی کے تمام پہلوؤں کا حتمی جائزہ لے کر اس کی پہلی آزمائشی پرواز بھی کامیابی سے مکمل کرلی ہے۔
یہ پرواز اگرچہ صرف چند سیکنڈوں پر محیط تھی لیکن یہ بلاشبہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔
نوٹ: مذکورہ بالا لائیو اسٹریمنگ میں 35 ویں منٹ سے اختتام تک انجینیٹی ہیلی کاپٹر کی پرواز کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔