گلوکار علی عظمت کورونا پر برس پڑے

کراچی: ماضی کے مشہور ترین جنون بینڈ کے گلوکار علی عظمت ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کورونا وائرس پر برس پڑے۔

شوبز سے وابستہ گلوکار علی عظمت کے کورونا وائرس کا نتیجہ مثبت آگیا، اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام کے ذریعے مداحوں کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے سے متعلق مطلع کیا۔

گلوکار علی عظمت نے ایک مختصر ویڈیو بھی جاری کی جس میں انہوں نے کورونا وائرس کو خوب برا بھلا کہا اور یہ بھی کہا کہ ’’لو جی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، دفع دور کورونا‘‘۔

منفرد انداز سے بتانے پر  اُن کے مداح بھی اُن کی حسِ مزاح سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور گلوکار کی صحت یابی کے لیے دعائیں بھی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ قبل ازیں نہ صرف گلوکار جواد احمد کا دو بار کورونا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے بلکہ آمنہ الیاس، ثوبیہ خان سمیت دیگر فنکار بھی اس کی زد میں آچکے ہیں۔