اداکارہ سنبل شاہدکی حالت تشویشناک، وینٹی لیٹر پر منتقل

پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کی بہن اور اداکارہ سنبل شاہد جو گزشتہ دنوں کورونا سے متاثر ہوئی تھیں اب تشویشناک حالت کے باعث ہسپتال میں داخل ہیں۔

سنبل شاہد کی بہن اور اداکارہ اسما عباس نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ان کی حالت بگڑنے سے متعلق بتایا۔

اسما عباس نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ 'میری پیاری باجی وینٹی لیٹر پر ہیں، برائے مہربانی ان کی صحتیابی کے لیے دعا کریں'۔

اداکارہ اسما عباس نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں سنبل شاہد کی تصویر بھی شیئر کی۔

دوسری جانب اداکار اسد صدیقی نے بھی انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اسٹوری میں مداحوں سے سنبل شاہد کی صحتیابی کی اپیل کی۔

اسد صدیقی نے لکھا کہ 'آپ سب سے درخواست ہے کہ اداکارہ بشریٰ انصاری اور اسما عباس کی بہن سنبل شاہد کی صحتیابی کے لیے دعا کریں'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'وہ وینٹی لیٹر پر ہیں، اللہ ہم سب کو محفوظ اور تندرست رکھے'۔

خیال رہے کہ بشریٰ انصاری نے 10 اپریل کو اپنی بہن اور اداکارہ سنبل شاہد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے سے آگاہ کیا تھا۔

بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ 'میری پیاری بہن سنبل شاہد ان دنوں کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں'۔

انہوں نے مداحوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کی بہن کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔

بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں مزید لکھا تھا کہ 'چار چاند سلامت رہیں آمین'۔