کراچی: ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا نے مداحوں سے فیس بک پر ان کے نام سے منسوب جعلی اکاؤنٹ کو رپورٹ کرنے کی اپیل کردی۔
ٹک ٹاکر جنت مرزا نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر خصوصی اسٹوریز شیئر کیں جن میں انہوں نے اپنے نام سے منسوب جعلی فیس بک اکاؤنٹ کے اسکرین شاٹ شیئر کیے۔
جنت مرزا کی جانب سے شیئر کیے گئے اسکرین شاٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کے نام سے بنایا گیا فیس بک اکاؤنٹ تصدیق شدہ ہے جبکہ اس اکاؤنٹ کو 48 ہزار سے زائد صارفین نے فالو کیا ہوا ہے۔
ٹک ٹاک اسٹار نے اپنی انسٹا اسٹوری میں کہا کہ ’فیس بک پر موجود یہ میرا اکاؤنٹ نہیں ہے۔‘
جنت مرزا نے لکھا کہ ’نقالی ایک جرم ہے، براہ کرم اس جعلی اکاؤنٹ کو رپورٹ کریں، انہوں نے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’جب آپ اس اکاؤنٹ کو رپورٹ کردیں گے تو مجھے لازمی آگاہ کریں۔‘
یاد رہے کہ اس سے قبل جنت مرزا نے اپنے نام سے منسوب جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ کو رپورٹ کرنے کی اپیل کی تھی۔
ٹک ٹاک اسٹار کا کہنا تھا کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ان کا کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا کے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر 14 ملین فالوورز ہوگئے تھے۔