بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان اور بیٹا آریان خان نیویارک روانہ ہوگئے۔
بھارت میں کورونا کی دوسری لہر کی شدت برقرار ہے اور روزانہ 3 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جبکہ اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
کورونا کیسز میں اضافے کے بعد بھارت کے اسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے اور اسپتالوں میں مریضوں کیلئے آکسیجن کی کمی ہوگئی ہے۔
کورونا کی بگڑتی صورتحال کے دوران کئی بالی وڈ شخصیات نے بھارت چھوڑ دیا ہے جس میں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ بھی شامل ہیں تاہم اب شاہ رخ خان کی اہلیہ اور بیٹا بھی بیرون ملک روانہ ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان اور بیٹے آریان خان ممبئی سے امریکا کے شہر نیویارک کیلئے روانہ ہوئے ہیں۔ ماں اور بیٹے کی ممبئی ائیرپورٹ پر امریکا روانگی کی تصاویر پر سوشل میڈیا صارفین بھڑک اٹھے ہیں۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے سخت برہی کا اظہار کیا ہے اور ایک صارف کا کہنا ہے کہ ’بھاگو بھگوڑو بھاگو، اور ان کو آتا ہی کیا ہے چلو بھر پانی میں ڈوب مرو‘۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’بھاگو سالو سب کے سب بھاگو، پبلک سب یاد رکھے گی، ایک نا ایک دن تو آؤگے واپس‘۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ بھی کورونا سے صحتیاب ہونے کے بعد چھٹیاں منانے مالدیپ پہنچے تھے جس پر انہیں بھی سوشل میڈیا پر کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیاتھا۔