کراچی: مارننگ شو کی سابق میزبان شائستہ لودھی نے پہلی بار اپنی طلاق کے بارے میں بات کی ہے اور ان کی سابق شوہر سے علیحدگی کیوں ہوئی اس بارے میں بتایا ہے۔
شائستہ لودھی سے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں سوال پوچھا گیا کہ شائستہ واحدی سے شائستہ لودھی کا سفر کتنا مشکل تھاجو آپ نے اکیلے طے کیا۔
شائستہ لودھی نے اپنی پہلی طلاق کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا میں اس سفر کو ایک دوسرے نظریے سے دیکھتی ہوں میرے مطابق بہت پیارا سفر تھا۔
شائستہ لودھی نے کہا اپنے بسے بسائے گھر کو چھوڑنا کسی بھی عورت کے لیے آسان نہیں ہوتا۔ لیکن میں اس سفر کے بارے میں سوچتی ہوں کہ مجھے شادی کے 12 سالوں کے دوران بچے ملے اور میں نے اپنی شادی کے دوران زندگی کے اصل معنی سیکھے۔
شائستہ لودھی نے اپنی طلاق کے بارے میں کہا کہ کبھی کبھی دو اچھے لوگوں کے درمیان بھی چیزیں خراب ہوجاتی ہیں جس کی وجہ سے آپ رشتے کو مزید قائم نہیں رکھ سکتے۔
ہوسکتا ہے اس شادی کے دوران میں نے بھی غلطیاں کی ہوں اور تھوڑی غلطیاں سابق شوہر کی طرف سے بھی ہوئی ہوں لیکن جو رشتہ اچھے نوٹ پر ختم کیا جائے اس میں آپ کی بھی عزت ہوتی ہے اور سامنے والے کی بھی۔
شائستہ لودھی نے اپنے سابق شوہر وقار واحدی کو بہترین باپ قرار دیتے ہوئے کہا اس وقت میرے کچھ بیوقوف ساتھیوں نے مجھے مشورہ دیا کہ ٹی وی پر آکر سب بولو اور میں نے یہ کیا لیکن بعد میں مجھے احساس ہوا اور کچھ عقلمند لوگوں نے مشورے دئیے کہ ہر چیز کے بارے میں ٹی وی پر بات نہیں کرنی چاہئے۔ کیونکہ جب آپ ایک بات کہتے ہیں تو اس کی خود بخود سو باتیں بن جاتی ہیں جس کے بارے میں آپ کو بھی معلوم نہیں ہوتا۔
شائستہ لودھی نے مزید کہا جب آپ جوان ہوتے ہیں تو آپ کو سب کچھ صحیح لگ رہاہوتا ہے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ آپ کو سمجھ آتا ہے اور اگر مجھے اس وقت عقل ہوتی تو میں سمجھ جاتی اس لیےمیری بھی غلطیاں تھیں۔ شادی ایک بہت پیارا رشتہ ہے لیکن جب آپ کا شادی میں بالکل بھی گزارا نہ ہورہا ہو تو الگ بات ہے لیکن میں کہتی ہوں آپ کو بہت ساری چیزوں کو سمجھنا چاہئے۔
واضح رہے کہ شائستہ لودھی نے 2015 میں عدنان لودھی سے دوسری شادی کی تھی۔ پہلی شادی سے ان کے تین بچے ہیں۔