کراچی: سابق اداکارہ نور بخاری نے بھارت میں کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث اپنے بھارتی مداحوں اور فالوورز کو سورہ رحمان سننے کا مشورہ دیا ہے۔
بھارت میں کورونا وائرس کی تیسری لہر انتہائی خطرناک ثابت ہوئی ہے۔ وہاں روزانہ کی بنیاد پر ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جب کہ ہر 4 منٹ میں ایک شخص اس وائرس سے ہلاک ہورہا ہے ایسے میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے بھارتی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
سابق اداکارہ نوربخاری نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کرکے بھارتیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔ نور بخاری نے لکھا ’’ہماری دعائیں بھارت کے ساتھ ہیں اللہ رحم کرے‘‘۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ان کے بھارتی مداحوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ’’میرے بھارتی مداح اور فالوورز براہ کرم بطورعلاج دن میں تین بار سورہ رحمان کا ورد سنیں۔ اور اگر کوئی کورونا میں مبتلا ہے تو اس کے نزدیک یہ سورہ رکھ دیں۔ گھروں میں رہیں محفوظ رہیں۔‘‘
واضح رہے بھارت میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 68 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد بھی ایک لاکھ 28 ہزار سے زائد ہے۔