اسلام آباد: کورونا سے نبردآزما پاکستانی قوم کے لئے خوشخبری ہے کہ پاکستان ایٹمى توانائی کمیشن نے مقامی طور پر پہلا آئى سى یو وینٹى لیٹر تیار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اٹامک انرجی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ایٹمى توانائی کمیشن کےسائنسدانوں نے پہلا آئى سى یو وینٹى لیٹر تیارکرلیا ہے، ڈریپ نے اس وینٹى لیٹر کےاستعمال اور تیاری کی با قاعدہ منظوری دے دی ہے۔
ترجمان اٹامک انرجی کمیشن کے مطابق وینٹى لیٹر سائنسدانوں،انجینئرز نےمقامى وسائل سےتیار کیا ہے، یہ وینٹی لیٹر پاکستان انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی سینٹر اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کےمعیارات پر بھى پورا اترا ہے۔
اٹامک انرجی کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ مقامی طور پر تیار کردہ وینٹی لیٹر مشین پر جناح اسپتال لاہور میں بھى جانچ کى گئى، جانچ میں کئی ماہرین ،بائیوٹیکنالوجی ،بائیو میڈیکل انجینئرز شامل تھے، مکمل جانچ کے بعد تمام ماہرین نے اس کو کامیاب قرار ديا۔
اس تاریخی کامیابی پر پاکستان ایٹمى توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔