مردہ قرار دی گئی خاتون کے ہاں 3 بیٹوں کی پیدائش

کالاشاہ کاکو:نجی ہسپتال سے مردہ قرار دی گئی خاتون کے ہاں 3 بیٹوں کی پیدائش‘ محنت کش باپ نے بیٹوں کے نام نواز شریف شہباز شریف اور حمزہ شہباز رکھ دیئے اور بروقت آپریشن سے خاتون اور اسکے بچوں کی جان بچانے پر ٹی ایچ کیو اسپتال کا عملہ اور خاتون کے ورثا خوشی سے نہال ہوگیا۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر صحت کی ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال مریدکے کو مبارک باد دی گئی۔

 بتایا جاتا ہے کہ مسلم لیگ ن کے کارکن نواز شریف فیملی کے دیوانے مریدکے کے رہائشی محنت کش اسجد کی شادی کو13 سال گزر چکے تھے مگر اولاد سے محروم تھا۔

 اس نے منت مانگی کہ اللہ تعالی اسے اولاد دے تو اگر بیٹا ملا تو میاں نواز شریف نام رکھے گا اور اگر بیٹی ملی تو کلثوم نواز نام رکھے گا محنت کش کی اہلیہ امید سے تھیں جنہیں وہ مقامی پرائیویٹ ہسپتال لیکر گیا جہاں پرائیویٹ اسپتال کی انتظامیہ نے ادویات سمیت اسی ہزار روپے کی محنت کش سے ڈیمانڈ کی اور بتایا اسکی اہلیہ کے پیٹ میں دو بچے ہیں بڑا آپریشن ہوگا اور ماں کی جان بھی جاسکتی ہے۔

 محنت کش کی اہلیہ کی نجی ہسپتال میں حالت غیر ہوگئی جسے نے ہسپتال عملہ نے مردہ قرار دیکر ہسپتال سے نکال دیا۔

محنت کش روتا ہوا اپنی اہلیہ کو لیکر مریدکے ٹی ایچ کیو ہسپتال پہنچا جہاں ایم ایس ڈاکٹر احمد عمار نے مایہ ناز گائناکالوجسٹ لیڈیز ڈاکٹروں کے ہمراہ فوری طور پر تین گھنٹے مسلسل جدوجہد کے بعد نہ صرف محنت کش کی اہلیہ کو بچالیا بلکہ اس کو بتایا کہ اللہ تعالی نے اسے تین خوبصورت بیٹوں سے نوازا ہے۔