25 سالہ خاتون کے ہاں بیک وقت 9بچوں کی پیدائش

باماکو: افریقی ملک مالی میں خاتون نے بیک وقت 9 بچوں کو جنم دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مالی میں ‘سی سی’ نامی 25 سالہ خاتون کے ہاں بیک وقت 5 بیٹیوں اور 4 بیٹوں کی پیدائش ہوئی۔

ملکی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ماں اور بچوں کی صحت بہتر ہے۔

ڈاکٹروں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی سی کے ہاں 7 بچوں کی پیدائش متوقع تھی لیکن انہوں نے معجزانہ طور پر 9 بچوں کو جنم دیا۔ طبیب الٹراساؤنڈ میں 2 بچوں کو دیکھ نہیں پائے تھے۔

خیال رہے کہ 2 مئی کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں خاتون نے بیک وقت پانچ بچوں کو جنم دیا تھا۔ اسپتال انتظامیہ نے بتایا تھا کہ تمام بچے بیٹے ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ اپریل میں بونیر کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو )ہسپتال کے گائنی وارڈ میں بھی خاتون کے ہاں پانچ بچوں(چار لڑکیاں اور ایک لڑکا) کی پیدائش ہوئی تھی۔